اسلام آباد(ویب ڈیسک)اخروٹ کے یوں تو بے شمار طبی فوائد ہیں جن سے ہم آگاہ ہیں لیکن اب ماہرین نے اس کا ایک اور ایسا فائدہ بتا دیا ہے کہ سن کر ہر کوئی اسے باقاعدہ خوراک کا حصہ بنا لے گا۔ میل آن لائن کے مطابق سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ ”روزانہ تین چمچ کے برابر اخروٹ کھانے سے ٹائپ ٹو ذیابیطس لاحق ہونے کا خطرہ 47فیصد سے زیادہ کم ہو جاتا ہے۔“اس تحقیق میں سائنسدانوں نے 34ہزار افراد کا طبی ڈیٹا اور ان کی غذائی عادات کا ریکارڈ حاصل کرکے ان کا تجزیہ کیا اور نتائج مرتب کیے۔

تحقیقاتی ٹیم کی سربراہ اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کی ڈاکٹر لینورے ایراب کا کہنا تھا کہ ”ہم نے جتنے لوگوں کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا ان میں شامل لوگ اوسطاً ڈیڑھ چمچ کے برابر اخروٹ کھاتے تھے۔ جس کی وجہ سے ان میں ذیابیطس کا خطرہ 25فیصد تک کم تھا۔ ہم نے اسے دوگنا کر دیا۔ اس کے علاوہ ان افراد میں دل کی بیماریاں ہونے کے امکانات بھی کم تھے اور دماغی صحت بھی بہتر تھی۔ان نتائج کے بعد ہم لوگوں کو یہ تلقین کر سکتے ہیں کہ انہیں اخروٹ کو اپنی روزمرہ خوراک کا لازمی حصہ بنانا چاہیے۔“