اسلام آباد(ویب ڈیسک)نیب نے الیکشن تک سیاستدانوں اور انتخابی امیدواروں کو گرفتار نہ کرنے کافیصلہ کیا ہے جبکہ خواجہ آصف سمیت اہم سیاستدانوں کیخلاف مقدمات 25جولائی تک موخر کردیئے گئے ہیں۔دنیا نیوز کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے زیرِ صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں خواجہ آصف، رانا افضل اور رانا مشہود کیخلاف مقدمات الیکشن تک موخر اور الیکشن میں حصہ لینے والے کسی بھی سیاستدان کو 25 جولائی سے پہلے گرفتار نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس سے خطاب میں چیئرمین نیب نے واضح کیا کہ کرپشن فری پاکستان کیلئے بلا تفریق کوششیں کر رہے ہیں، نیب کسی سے انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتا، اس اقدام کا سیاست یا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں ہے، نیب کی پہلی اور آخری وابستگی پاکستان کے عوام ہیں۔نیب اجلاس میں بلین ٹری سونامی پراجیکٹ میں خیبر پختونخوا کے افسران کے خلاف انکوائری کی منظوری بھی دی گئی، بتایا گیا کہ بلین ٹری پراجیکٹ سے قومی خزانے کو مبینہ طور پر 19 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔یاد رہے کہ بلین ٹری منصوبے کی تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی جانب سے بہت زیادہ تشہیر کی جاتی ہے ۔ ان کے مطابق کے پی کو اس منصوبے کی مدد سے سرسبز کردیاگیا ہے ۔