نیویارک(ویب ڈیسک)سوشل میڈیا کے استعمال سے جہاں رابطوں میں سہولت حاصل ہوئی ہے، وہیں اس کی زیادتی نقصان دہ بھی ثابت ہوئی ہے، ایسے میں فیس بک کا ایک نیا فیچر آزمائشی مراحل میں ہے جو کسی صارف کے اس ایپ کے استعمال کے دورانیے سے متعلق آگاہ کرے گا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فیس بک کمپنی ’’یوورفیس بک آن ٹائم ‘‘کے نام سے ایک فیچر کی آزمائش کر رہی ہے، جس سے یہ معلوم ہوسکے گا کہ صارفین فیس بک ایپ پر کتنا وقت صرف کرتے ہیں؟ٹیکنالوجی ویب سائٹ میش ایبل کی رپورٹ کے مطابق اس فیچر کے تحت صارفین کی آن لائن ہسٹری سے متعلق اعدادوشمار موصول ہوں گے یعنی صارف نے کتنی دیر تک فیس بک کی ایپ استعمال کی ہے؟۔اس فیچر کے ساتھ ساتھ ’’مینیج یوورٹائم‘‘ فیچر بھی متعارف کیا جائے گا جس کے تحت فیس بک استعمال کرنے کے دورانیے کی سیٹنگز کی جا سکتی ہیں، جس کے ذریعے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔