اسلام آباد (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے ٹکٹوں کی تقسیم کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ، ایسے میں مفتی عبدالقوی بھی میدان میں آگئے ہیں اور ایسی بات کہہ دی ہے کہ کارکنوں نے تصور بھی نہیں کیا ہوگا۔نجی ٹی وی اب تک نیوز کے مطابق مفتی عبدالقوی نے تحریک انصاف کے کارکنوں کے احتجاج کو شرعی طور پر غلط قرار دیتے ہوئے اسے بغاوت سے تشبیہ دی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف میں ٹکٹوں کی تقسیم پراحتجاج شرعی طورپرغلط اور بغاوت کی طرح ہے، شرعی طور پر بغاوت کی سزا بہت سخت ہے اس لیے کارکنوں کو قیادت کے فیصلوں کو تسلیم کرنا چاہیے۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب عام انتخابات میں اپنے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی ہے۔ اس سے قبل بھی جب ٹکٹیں جاری ہوئیں تو کارکنوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا جبکہ کارکنوں نے کئی روز تک بنی گالہ میں دھرنا بھی دیے رکھا تھا۔