راولپنڈی (ویب ڈیسک)ایون فیلڈ ریفرنس میں ایک سال قید بامشقت کی سزا پانے والے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو نیب کی ٹیم نے گرفتار کر لیا ہے ۔نجی نیوز چینل جیو نیوز کے مطابق نیب افسران محبوب عالم اور محمد عدنان نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو تحویل میں لے لیا ہے لیکن مسلم لیگ ن کی قیادت اور نیب حکام کے درمیان میں یہ طے پایا ہے کہ حنیف عباسی کے دفتر میں پہنچ کر نیب حکام کیپٹن صفدر کو اپنے ساتھ لے جائیں گے.کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا پہلے طبی معائنہ کرایا جائے گا اور اس کے بعد یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ انہیں مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے یا جیل میں لے کر جا یا جائے  ۔نیب افسران نے پولیس اور نیب کی مزید نفری بھی طلب کر لی ہے اور کیپٹن صفدر کو لے جانے کے لیے بکتر بند گاڑی بھی منگوا لی ہے ۔

اس سے قبل  کیپٹن (ر) محمد صفدر گرفتاری دینے کے لیے راولپنڈی میں (ن) لیگ کی ریلی میں آگئے جبکہ ریلی نے مختلف علاقوں پر گشت کی۔کیپٹن (ر) صفدر نے آڈیو بیان میں اعلان کیا تھا کہ وہ آج نیب کو اپنی گرفتاری دے دیں گے تاہم انہوں نے اپنا مقام خفیہ رکھا اور اب وہ راولپنڈی میں اچانک (ن) لیگ کی ریلی میں پہنچ گئے۔ ریلی میں چوہدری تنویر، ملک ابرار، شکیل اعوان اور دیگر مقامی پارٹی رہنما موجود تھے جس میں کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ نیب کی ٹیم دو رکنی ٹیم نے راولپنڈی کے علاقے بھاوڑہ بازار میں کیپٹن صفدر کو گرفتار کرنے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہیں ہو سکے تھے کیونکہ کیپٹن صفدر ریلی کے ساتھ چل رہے تھے اور کارکنوں نے انہیں اپنے حصار میں لے رکھا تھا ۔