لاہور (ویب ڈیسک) ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کا فیصلہ آنے کے بعد نیب لاہور کی ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی ہے جو نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرے گی۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق نیب لاہور کی اسلام آباد پہنچنے والی ٹیم احتساب عدالت سے وارنٹ گرفتاری حاصل کرے گی اور وزارت داخلہ کو مجرمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست بھی دے گی۔

ذرائع کے مطابق نیب لاہور کی ٹیم احتساب عدالت کے فیصلے کی مصدقہ کاپی پہلے ہی حاصل کر چکی ہے جبکہ گرفتاری کے وارنٹ حاصل کرتے ہی نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرے گی۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز شریف نے احتساب عدالت کے فیصلے کی روشنی میں وطن واپسی کا اعلان کر دیا ہے اور نجی ٹی وی جیو نیوز کا کہنا ہے کہ وہ اتوار کے روز واپس آئیں گے اور اسلام آباد ائیرپورٹ پر لینڈ کریں گے جہاں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت اور کارکنان ان کا استقبال کریں گے۔

نیب نے نواز شریف اور مریم نواز شریف کے وطن واپسی کی صورت میں انہیں ائیرپورٹ سے ہی گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے ہدایات بھی جاری کی جا چکی ہیں۔