اسلام آباد (ویب ڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ موبائل کارڈز پر ٹیکس تا حکم ثانی معطل رہے گا۔سپریم کورٹ میں پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسوں کے از خود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ ہم نے موبائل کارڈز پر ٹیکس 10 دن کے لیے معطل نہیں کیا تھابلکہ تاحکم ثانی موبائل کارڈز پر ٹیکس معطل رہے گا۔ اسی کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کراچی والوں کو بھی خوشخبری سنائی اور کہا کہ وہ 22 جولائی کو کراچی میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا افتتاح کرنے جارہے ہیں۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 11 جون کو رمضان المبارک کے مہینے میں موبائل کارڈ پر عائد تمام ٹیکسز ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔ ایف بی آر نے اس حوالے سے 15 روز کیلئے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے بعد موبائل کارڈ پر ٹیکس کٹوتی کا طریقہ کار واضح کیا جانا تھا تاہم چیف جسٹس نے واضح حکم دے دیا ہے کہ موبائل کارڈ پر ٹیکس تاحکم ثانی معطل رہے گا۔