اسلام آباد(ویب ڈٖیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کےخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت عام انتخابات کے بعد کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے گواہان کے بیانات قلمبند کروانے کا آپشن ختم کردیا۔

سپریم کورٹ کے جسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے طلال چودھری کےخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی،سماعت کے دوران آج بھی عدالت میں طلال چودھری کی جانب سے گواہان پیش نہ ہوسکے۔

گواہوں کے پیش نہ ہونے پر جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ ‘ٹھیک ہے آپ کے گواہ نہیں آتے، اب آپ حتمی دلائل دیں’۔اس کے ساتھ ہی عدالت نے گواہان کے بیانات قلمبند کروانے کا آپشن ختم کردیا۔

سماعت کے دوران طلال چودھری کے وکیل نے انتخابات کے بعد تک کیس ملتوی کرنے کی استدعا کی، جسے عدالت نے مسترد کردیا۔

عدالت عظمیٰ نے ریمارکس دیئے کہ بدھ (11 جولائی) کو وکیل دفاع کامران مرتضیٰ کیس میں حتمی دلائل دیں گے، جس کے بعد سماعت ملتوی کردی گئی۔

واضح رہے کہ عدالت نے طلال چودھری کو گواہ پیش کرنے کا آخری موقع دیا تھا۔